اوسلو9اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ناروے کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ہفتے کے روز دار الحکومت اوسلو کے وسط سے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیاہے جس کے قبضے سے ایک بم بھی برآمدکیاگیاہے۔پولیس کی طرف سے ’ٹوئٹر‘ پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہاگیاہے کہ حکام نے وسطی اوسلو سے مشتبہ شخص کی گرفتاری کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر وسیع پیمانے پر تلاشی لی ہے۔پولیس کاکہنا ہے کہ قبضے میں لیا گیا بم محدود پیمانے پر تباہی پھیلانے کا سبب بن سکتا تھا۔ تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کررہی ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کو ناروے کے پڑوسی ملک سویڈن میں ایک ٹرک ڈرائیور نے ٹرک شہریوں پر چڑھا دیا تھا جس کے نتیجے میں کم سے کم چار افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس نے اسے دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا تھا۔